دمشق،4؍اکتوبر(ایس اونیوز ؍آئی این ایس انڈیا)شام کے شمال مشرقی شہر الحسکہ میں کل سوموار کے روز شادی کی تقریب اس وقت ماتم میں تبدیل ہوگئی جب ایک خود کش بمبار نے ایک گھر میں گھس کر شادی کے لیے جمع ہونے والے افراد کے درمیان خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ شام میں انسانی حقوق کی صورت حال پر نظر رکھنے والے ادارےآبزرویٹری کے مطابق الحسکہ اور قامشلی روڈ پرواقع تل طویل قصبے میں ایک شادی کی تقریب جاری تھی۔ اس دوران ایک خود کش بمبار نے شادی والے گھر میں گھس کر خود کو دھماکے سیاڑا دیا جس کے نتیجے میں کم سے کم 20افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ بعض دوسرے ذرائع ہلاکتوں کی تعداد 22بتاتے ہیں۔ درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔کرد ملیشیا حمایۃ الشعب کی رپورٹ کے مطابق شمال مشرقی شامی شہر الحسکہ میں شادی کی تقریب میں ہونے والے خود کش دھماکے کے نتیجے میں 20افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ شام کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے ہلاکتوں کی تعداد 30بتائی ہے۔ آخری اطلاعات تک کسی گروپ نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔